شعبہ حفظ کی تدریس اور انتظام کا مکمل لائحہ عمل
1۔ سبقی اور منزل کی پختگی کے بنیادی اصول
- سات مرتبہ دہرائی: سبقی کو پختہ کرنے کے لیے آج کا سبق دن میں کم از کم 7 مرتبہ پڑھنا اور سننا لازمی ہے۔
- الٹی ترتیب (معکوس ترتیب): سبقی ہمیشہ پارے کے آخر (یعنی تازہ ترین اسباق) سے شروع کروائیں۔ کیونکہ تازہ اسباق مشکل ہوتے ہیں اور شروع سے پڑھتے ہوئے آخر تک بچہ تھک جاتا ہے جس سے تازہ سبق کچا رہ جاتا ہے۔
- بغیر غلطی کے سننا: آج اور کل والا سبق بغیر کسی غلطی کے سننا لازمی اصول ہے۔
- تیز پڑھنے کی ممانعت: بچوں کو سبقی یا منزل تیز پڑھنے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔ اس سے لحنِ جلی کی غلطیاں ہوتی ہیں اور کلاس سے اللہ کی رحمت و برکت اٹھ جاتی ہے۔
2۔ جوٹیاں (بچوں کا آپس میں سننا) اور بیٹھنے کا نظم
- ایک صف کا فاصلہ: سنانے والے، سننے والے اور استاد کے درمیان ایک صف (تقریباً 4 سے 5 فٹ) کا فاصلہ ہونا چاہیے۔ اس سے بچے اونچا پڑھنے کے عادی ہوتے ہیں اور آپس میں غلطیاں چھپانے کا "مک مکا" نہیں کر سکتے۔
- استاد کی قربت کا طریقہ: قاری سرور صاحبؒ کے طریقے کے مطابق فراڈ روکنے کے لیے سننے والے بچے کو استاد اپنے بالکل ساتھ بٹھائے اور سنانے والے کو ایک صف دور۔
- نظر اور انگلی کی پابندی: سننے والے کی انگلی اور نظر لازمی قرآن پر ہونی چاہیے۔ اگر وہ نظر ہٹائے تو سنانے والا استاد کو شکایت کرے۔ غلطی پر صرف سر ہلا کر اشارہ کریں، خاموشی یا بحث کی بالکل اجازت نہیں۔
- وقفہ اور دہرائی: جب دو بچے جوڑی میں ہوں، تو ایک کے سنانے کے بعد اسے فوراً جائزے کے لیے بھیج دیں، تاکہ دوسرا بچہ اس دوران اپنا سبق دہرا سکے۔
3۔ جائزے کا شفاف نظام اور نشان دہی
- جائزے کی مقدار: جائزے میں 4 سے 6 لائنیں سنیں۔ اگر بچہ پریشر کی وجہ سے ہچکچا رہا ہو تو مزید سنیں تاکہ خوف اور کچے پن کا فرق واضح ہو سکے۔
- ایک وقت میں ایک طالب علم: استاد ایک وقت میں پوری توجہ سے ایک ہی بچے کا سبق سنے۔ 4 بچوں کا اکٹھا سننے سے بچے رکوع چھوڑ کر آگے چھلانگیں مارتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ایک معاون طالب علم ساتھ بٹھایا جا سکتا ہے۔
- کلر کوڈنگ (نشانات): قرآن مجید پر بڑے دائرے لگانے کے بجائے، غلطی، اٹکن (متشابہات کی الجھن) اور غنہ/مد کے لیے الگ الگ رنگوں کے نہایت چھوٹے نشانات لگائے جائیں۔
- سننے والے کا محاسبہ: اگر استاد کے جائزے میں غلطی نکلے اور سننے والے نے نشان نہ لگایا ہو، تو نشان نہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اس نے صحیح نہیں سنا، لہٰذا سزا سننے والے کو دی جائے۔
4۔ اٹکن اور غلطی کی فوری درستی
- فوری اصلاح: سپارہ ختم ہونے کے فوراً بعد بچے سے اٹکنیں اور غلطیاں ٹھیک کروائیں۔ انہیں کل پر نہ چھوڑیں ورنہ اٹکن "پکی غلطی" بن جائے گی۔
- درستی کا نبوی طریقہ: اگر ایک رکوع میں زیادہ غلطیاں ہوں تو پورا رکوع دوبارہ سنیں۔ اگر ایک غلطی ہو تو صرف وہ لفظ نہیں، بلکہ 2 آیات پیچھے اور 2 آیات آگے ملا کر سنیں تاکہ ربط قائم ہو۔
- سننے والے کا وقت بچائیں: بچے کی غلطی آنے پر اسے وہیں بٹھا کر 10 بار پڑھانے کے بجائے اپنی جگہ پر یاد کرنے کے لیے بھیجیں، تاکہ سننے والے بچے کا اور استاد کا وقت ضائع نہ ہو۔
5۔ کلاس مینیجمنٹ، امراء اور خفیہ نگرانی
- عہدوں کی تقسیم: ایک ہی لڑکے کو کلاس کا مانیٹر (چوہدری) نہ بنائیں۔ سبق، سبقی، منزل، رپورٹ اور اخلاقیات کے لیے الگ الگ امیر مقرر کریں۔ استاد کلاس میں سب سے پہلے پہنچ کر خود جوٹیاں لگائے۔
- فتنے سے بچاؤ: کبھی بھی بڑے لڑکوں، مدیر کے رشتہ داروں یا امیر بچوں کو نگران نہ بنائیں۔ یہ چھوٹے بچوں پر رعب ڈالتے ہیں اور غیر اخلاقی فتنوں یا بلیک میلنگ کا سبب بنتے ہیں۔
- سول جاسوس (خفیہ رپورٹنگ): کلاس میں بغیر وردی اور عہدے کے 2 ایسے طالب علم ہوں جو سبق سنانے کے بہانے استاد کو اندرونی حالات بتائیں۔ (کون گندی باتیں کر رہا ہے، کس کے پاس موبائل ہے، یا کن کی غلط دوستی چل رہی ہے)۔
- استاد کبھی ظاہری امیر کی پرچی پر اندھا یقین کر کے مار پیٹ نہ کرے، بلکہ تحقیق کرے۔
انتظامی اصول: اگر استاد کسی میٹنگ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو جائے، تو اس میں بچے کا قصور نہیں ہے۔ ایسے میں بچے سے پورے کام کا مطالبہ کرنا یا اسے سزا دینا ظلم ہے۔
6۔ چھٹیاں، تھکاوٹ اور ترغیب کا نظام
- چھٹی کا نقصان: ایک چھٹی سے 2 دن کا نقصان ہوتا ہے۔ والدین کو فوری آگاہ کریں کہ اس طرح حفظ کی مدت بڑھ جائے گی۔ چھٹی کے بعد آنے والے کو نیا سبق نہ دیں، پہلے پچھلی سبقی کلیئر کروائیں۔
- انعام اور ترغیب: بچوں کو بتائیں کہ جو اپنا کام جلدی اور صحیح سنائے گا، اسے جلدی چھٹی (آرام، سونے یا نہانے) کی اجازت ہوگی۔ البتہ یہ فراغت بھی استاد کی نظروں کے سامنے ہونی چاہیے، مارکیٹ میں گھومنے کی اجازت نہیں۔
- کھیل کود: لمبی کلاسز کی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے بچوں کو تعلیمی یا جسمانی گیمز کروائیں۔
7۔ دباؤ سے نمٹنا اور مسجد کے آداب
- حکمتِ عملی: اگر مدیر (Management) وقت کم ہونے کے باوجود زیادہ کام کا مطالبہ کرے (مثلاً ایک گھنٹے میں دو سپارے سننا)، تو لڑنے کے بجائے ایک سپارہ سنیں اور دوسرا سامنے بٹھا کر دیکھ کر پڑھوا دیں تاکہ بچے پر بوجھ نہ پڑے اور انتظامیہ بھی مطمئن رہے۔
- مسجد کی صف بندی: پہلی صف پر بچوں کا حق ہے، زبردستی پیچھے نہ ہٹائیں۔ البتہ ترغیب دیں کہ اگر کسی بزرگ کو اپنی جگہ دیں گے تو ادب کا دہرا ثواب ملے گا۔ امام کے بالکل پیچھے بالغ اور سمجھدار افراد کھڑے ہوں۔
8۔ ایک سال میں حفظ کا مجرب فارمولا
- ابتدائی دعا: کلاس کے آغاز پر ہمیشہ دو نفل پڑھیں اور اللہ سے مدد مانگیں۔
- ناظرہ کی شرط: حفظ شروع کرنے سے قبل، عصر سے مغرب کے وقت بچے کو متعلقہ حصہ کم از کم 10 مرتبہ روانی سے ناظرہ پڑھوائیں۔
- یومیہ ہدف: قرآن مجید کی 8640 لائنیں ہیں۔ اگر بچہ روزانہ 19 سے 22 لائنیں یاد کرے تو بآسانی ایک سال میں حفظ مکمل ہو سکتا ہے۔
- چھٹیوں کا ازالہ (Backup Plan): اتوار کے دن مکمل چھٹی نہ دیں، بلکہ صبح سبق اور سبقی لازمی سنیں۔ عید کی چھٹیوں کو کور کرنے کے لیے ایک ماہ قبل روزانہ 2 لائنیں سبق بڑھا دیں۔
- خلاصہ کلام: اگر نیت خالص ہو اور اس ترتیب پر عمل کیا جائے تو آپ جنگل میں بھی ادارہ بنا لیں تو وہاں "منگل" لگ جائے گا اور لوگ خود چل کر آئیں گے۔

0 Comments